گوند کتیرا کے چند حیرت انگیز فوائد

گوند کتیرا کو کتیرا سفید بھی کہا جاتا ہے، جب کہ کچھ علاقوں میں اسے براؤن یا بھوری گوند کہتے ہیں۔گوند کتیرا کا مزاج اول درجے میں سرد ہوتا ہے، اس لیے اسے زیادہ مقدار میں استعمال نہیں کرنا چاہیئے۔

گوند کتیرا کے چند حیرت انگیز فوائد

گوند کتیرا کو سینکڑوں سالوں سے صحت کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، کیوں کہ گوند کتیرا کے غذائی اجزاء بہت مفید ہیں۔ ان اجزاء میں کیلشیم، پروٹین، میگنیشیم، اور کچھ خاص قسم کے الکلائڈز پائے جاتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ گوند کتیرا میں اینٹی آکسیڈنٹ، اینٹی بیکٹیریل، اور سوزش کو کم کرنے والی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔

گوند کتیرا کے فوائد

گرمیوں کے موسم میں گوند کتیرا کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

مدافعتی نظام کی مضبوطی میں اضافہ

گوند کتیرا میں پائے جانے والے مفید غذائی اجزاء میتھی دانہ کی طرح قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں۔ قوتِ مدافعت مضبوط ہونے سے جسم میں اضافی توانائی جمع ہوتی ہے اور طاقت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

جِلد کے لیے بہترین

بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات کی وجہ سے انسان کے چہرے پر جھریاں آنا شروع ہو جاتی ہیں، جن سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے گوند کتیرا کو بہت مفید سمجھا جاتا ہے۔ گوند کتیرا جِلد میں موجود خلیوں کو صحت مند رکھتا ہے اور ان جراثیم کو ختم کرتا ہے جو جِلد کو خراب کرنے کا باعث بنتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ یہ اینٹی آکسیڈنٹس اور سوزش کو کم کرنے والی خصوصیات کی بنیاد پر چہرے پر ظاہر ہونے والے دانوں اور داغ دھبوں سے بھی بچاتا ہے۔

ناک سے خون بہنا

اگر آپ کے ناک سے اکثر خون بہتا ہے یا نکسیر پھوٹتی ہے تو گوند کتیرے کا پانی نہایت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ عام طور گرم مزاج والی غذائیں وافر مقدار میں استعمال کرنے یا شدید گرمی کے موسم میں ناک سے خون بہنا شروع ہوتا ہے۔ گوند کتیرا کے پانی استعمال کرنے سے جسم کا درجہ حرارت معتدل رہتا ہے، جس کی وجہ سے نکسیر پھوٹنا بند ہو جاتی ہے۔

کمزوری کا خاتمہ

گوند کتیرا بھی گنے کے رس کی طرح کمزروی کو دور کرنے کے لیے بہت مفید سمجھا جاتا ہے۔ یہ ان لوگوں کے لیے بہت مفید سمجھا جاتا ہے جو کافی عرصے سے طویل بیماری کا شکار رہے ہوں یا اینٹی بائیو ٹکس استعمال کر رہے ہوں۔ گوند کتیرا میں دوا جیسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو بیماری کے بعد ہونے والی کمزروی کو ختم کرتی ہیں۔اس کے علاوہ جو لوگ سگریٹ اور شراب نوشی سے چھٹکارا حاصل کرنے چاہتے ہوں، ان کے لیے بھی گوند کتیرا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

ہیٹ اسٹروک کا بہترین علاج

شدید گرمی کے موسم میں بہت سے لوگوں کو ہیٹ اسٹروک کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگر آپ بھی ایسے لوگوں میں شامل ہیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ گوند کتیرا کو ہیٹ اسٹروک کا بہترین علاج سمجھا جاتا ہے۔ گرمی کے موسم میں گوند کتیرا کو باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے آپ سخت گرمی اور لو سے محفوظ رہتے ہیں۔

شوگر کے لیے مفید

 شوگر کے مریضوں کو گرمی کے موسم میں باقاعدگی کے ساتھ گوند کتیرا استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، کیوں کہ یہ ان کے لیے بے حد مفید ثابت ہوتا ہے۔ گوند کتیرا خون میں شوگر کی سطح کو بڑھنے نہیں دیتا اور شوگر لیول کو متوازن رکھتا ہے۔

دل کی صحت میں بہتری

گوند کتیرا کو بھی سنا مکی کی طرح دل کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ ایسے افراد جو کولیسٹرول کی بیماری میں مبتلا ہوں، ان میں دل کی بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کولیسٹرول کا لیول بڑھنے کی وجہ سے فالج اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ گوند کا باقاعدگی کے ساتھ استعمال کولیسٹرول کی سطح کو متوازن رکھتا ہے، جس کی وجہ سے ان تمام جان لیوا بیماریوں کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔

قبض کا خاتمہ

اگر آپ کو قبض کی علامات کا سامنا ہے تو گوندے کتیرے کو استعمال کرنا شروع کر دیں، کیوں کہ یہ قبض کا قدرتی علاج ہے، اس کے استعمال سے اس مرض کی علامات میں کمی آئے گی اور بواسیر کی علامات کی صورت میں بھی افاقہ ہو گا۔ یہ علامات ختم ہونے سے آپ کا معدہ اچھے طریقے سے افعال سر انجام دے گا اور ہاضمہ کے نظام میں بھی بہتری آئے گی۔

وزن میں کمی کے لیے بھی مفید

جسم میں میٹابولزم سست ہونے کی وجہ سے فالتو چربی سے چھٹکارا پانے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گوند کتیرا کے استعمال سے میٹابولز تیز ہوتا ہے جس کی وجہ سے فالتو چربی ختم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ چربی ختم ہونے کی وجہ سے وزن میں بھی کمی آنا شروع ہوتی ہے۔

پیشاب کی بے قاعدگی

ایسے افراد جو پیشاب کی بے قاعدگی کا شکار ہوں، ان کے لیے گوند کتیرا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ پیشاب کی نالی کی سوزش کو کم کرتا ہے اور اس نالی کے پٹھوں کو سکون فراہم کرتا ہے، جس سے پیشاب کی بے قاعدگی کا خاتمہ ہوتا ہے۔

طریقہ استعمال:

رات کے وقت اسے گلاس میں پانی ڈال کے رکھ دیں اور صبح کو جب آپ دیکھیں گے تو یہ گلاس پورا بھرا ہو گا کیونکہ یہ پھول جاتا ہے

 اب اسے کسی پیالہ میں ڈال کر اس میں دودھ ڈال لیں اور میٹھا حسب ضرورت رکھیں.

اسے ملک شیک میں بھی استعمال کرکے پیا جاسکتا ہے.

Leave a Comment