نماز میں خشـوع و خضـوع کا طریقہ

 نماز میں خشـوع و خضـوع کا طریقہ

 نماز میں خشـوع و خضـوع کا طریقہ

 میری نماز میں خشوع و خضوع اور حضورِ قلبی نہیں ہوتا مجھے نماز میں خشوع پیدا کرنے کے لیے کیا طریقہ اختیار کرنا چاہیے؟ (ابو عبد الرحمن سیاف، گجرات)

  یہ بات ظاہر ہے کہ کامیاب مومن بننے کے لیے نماز میں عجز و انکساری اور خشوع و خضوع کی ضرورت ہے جیسے الله نے فرمایا : ’’قَدۡ اَفۡلَحَ الۡمُؤۡمِنُوۡنَۙ• الَّذِيۡنَ هُمۡ فِىۡ صَلَاتِهِمۡ خَاشِعُوۡنَ•‘‘ “یقیناً فلاح و کامیابی پائی ہے ان ایمان والوں نے جو اپنی نماز میں خشوع اختیار کرتے ہیں۔” (سورة المؤمنون: 1-2) 

 نماز میں خشـوع و خضـوع کا طریقہ پیدا کرنے کے کئی ایک زرائع ہیں۔ چند ایک درج ذیل ہیں۔

 انسان کو نماز کا معنی اور مفہوم سیکھنا چاہیے کہ جو کچھ وہ کہہ رہا ہے اور کر رہا ہے اس کو سمجھے۔ قرأت، دعا، ذکر و اذکار کے الفاظ و معنی پر غور کرے اور ذہن میں یہ بات ہو کہ میں عبادت کرتے ہوئے الله کو دیکھ رہا ہوں اور اپنے رب سے محو گفتگو ہوں جیسا کہ حدیثِ جبریل میں احسان کا معنی بتلایا گیا ہے کہ تم الله کی عبادت اس طرح کرو گویا کہ تم الله کو دیکھ رہے ہو اگر یہ کیفیت پیدا نہیں ہوتی تو اسے کم از کم یہ خیال ضرور رہے کہ الله تو دیکھ رہا ہے۔

اس طریقے سے نماز کی لذت انسان محسوس کرے گا اور نماز آنکھوں کی ٹھنڈک بن جاتی ہے۔ جیسا کہ رسول الله صلی الله علیه وسلم نے فرمایا : “میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں ہے۔” (مسند احمد 128/3, 199, 285 حاکم 160/2) لہٰذا فقہ الصلاۃ سے آدمی کو باخبر رہنا چاہیے۔

 ایسی سوچ و بچار کو دور کرنے کی کوشش کرے جو نماز میں آڑے آتی ہے۔ وساوس شیطانی کو دفع کرے تاکہ شہواتِ نفسانی سے دل نکل کر الله کی محبت میں اٹک جائے۔

 نماز پُر سکون طریقے سے ادا کرے

 نماز پُر سکون طریقے سے ادا کرے۔ جلد بازی سے کام نہ لے جب تک نماز میں سکون و اطمینان نہ ہو نماز ادا نہیں ہوتی۔ جیسا کہ حدیث میں جو نماز میں رکوع و سجدہ صحیح ادا نہیں کرتا اسے نماز کا چور قرار دیا گیا ہے۔ (حاکم 229/1, مسند احمد 310/5) ایک حدیث میں رکوع و سجود میں ٹھونگے مارنے والے کو اس بھوکے آدمی کی طرح قرار دیا گیا ہے جو ایک یا دو کھجوریں کھاتا ہے اور یہ اسے کچھ فائدہ نہیں دیتیں۔ (صحیح ابن خزیمہ 333/1, طبرانی کبیر 115/4)

نماز کے اندر موت کو یاد کرنا

 نماز کے اندر موت کو یاد کریں جب موت یاد آئے گی تو نماز عمدہ طریقے سے ادا کرے گا اور یہ یقین کر کے نماز پڑھے کہ اسے شاید اگلی نماز پڑھنے کا موقع نہ ملے جیسا کہ مسند احمد، ابن ماجہ، المعجم لابن الاعرابی میں حدیث ہے اور شیخ البانی نے اسے حسن قرار دیا ہے۔

 نماز کی دعائیں اور اذکار

نماز کی دعائیں اور اذکار زیادہ سے زیادہ یاد کرے اور مختلف نماز میں مختلف دعائیں اور اذکار جو احادیثِ صحیحہ میں وارد ہیں پڑھے کیونکہ ایک مختصر سی دعا جو یاد کی ہوتی ہے وہ آدمی کی عادت اور روٹین میں آ جاتی ہے پھر اس کی زبان پر ورد تو جاری ہوتا ہے لیکن دل فکر سے خالی ہوتا ہے یعنی ہماری نماز بطورِ عادت ہوتی ہے عبادت نہیں۔ جب نماز کے اذکار مختلف یاد ہوں گے اور بدل بدل کر پڑھے گا تو نماز میں دھیان اور توجہ رہے گی اور خشوع و خضوع حاصل ہو گا۔ نماز کے اذکار کے لیے راقم کی  کتاب صلاة المسلم یا حصن المسلم وغیرہ کا مطالعہ کریں۔

 اگر نماز میں وسوسہ آجائے تو اپنے بائیں جانب تین مرتبہ تھوک کر أعوذ بالله پڑھ لیں۔ (صحيح مسلم 2203 – احمد 216/4) اس طرح شیطان جو نماز کو بھلا دیتا ہے اس کا ازالہ ہو جائے گا ان شاء الله۔

 جس جگہ نماز ادا کرے نقش و نگار، تصاویر وغیرہ نہ ہوں۔ (صحیح البخاری 367. صحیح مسلم 2107) کیونکہ یہ اشیاء نماز سے توجہ ہٹا دیتی ہیں۔

 اچھے لوگوں کی صحبت اختیار کرنا

اچھے لوگوں کی صحبت اختیار کریں تاکہ نیکی کی رغبت ہو اور برے لوگوں کی صحبت سے اجتناب کریں۔

اگر حاجت تنگ کر رہی ہے تو پہلے حاجت کو جائے پھر نماز ادا کرے۔ پیشاب یا پاخانہ روک کر نماز پڑھنا درست نہیں۔ (ابن ماجہ 617)

 نیند کا غلبہ ہو تو پہلے نیند پوری کر لے پھر نماز پڑھے۔ (صحیح البخاری 209، صحیح مسلم 786)

 گفتگو کرنے والے آدمی کے پیچھے کھڑے ہو کر نماز نہ پڑھے۔ (ابو داؤد 694. حاکم 270/4) کیونکہ اس کی گفتگو نماز سے غافل کرنے کا باعث ہوسکتی ہے۔

  دورانِ نماز نظر اِدھر اُدھر نہ گھمائے۔ (ابو داؤد 909)

  اسی طرح کبھی رات کا قیام کیا کرے اور اگر ممکن ہو تو معمول بنالیں اس سے بھی خشیتِ الٰہی نصیب ہوتی ہے۔ 

 اگر مذکورہ بالا امور پر توجہ دی جائے تو الله کے فضل و کرم سے نماز میں خشوع و خضوع نصیب ہو جاتا ہے الله ہمیں ایسا نمازی بنائے کہ ہم اس کی بندگی صحیح نہج پر کر سکیں اور شیطانی وساوس اور عجز و انکساری سے دور کرنے والے ذرائع سے الله محفوظ فرمائے آمین۔

 فضيلة الشيخ مولانا ابو الحسن مبشّر أحمد ربّانی رحمه الله تعالىٰ ورعاه* 

|[ تفہیمِ دین (صفحہ نمبر : 156-158) ]|*

 نماز میں خشـوع و خضـوع کا طریقہ
 نماز میں خشـوع و خضـوع کا طریقہ

نماز میں خشـوع و خضـوع کا طریقہ

Leave a Comment